کوئٹہ میں گرلز کیڈٹ کالج بنایا جائے گا، وزیراعلیٰ بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو
- وزیراعلیٰ نے ضلع آواران کے لیے صحت، تعلیم اور بجلی کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔
- انہوں نے کہا کہ کسی کے انفرادی عمل پر پورے ادارے کو تنقید کا نشانہ بنانا مناسب نہیں۔
- عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرین کی بحالی تک آرام نہیں کرے گی۔
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے جمعہ کے روز اعلان کیا کہ کوئٹہ میں گرلز کیڈٹ کالج بنایا جائے گا کیونکہ یہ شہید لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کا خواب تھا۔
آواران میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے جمعہ کو ضلع آواران کے لیے صحت، تعلیم اور بجلی کے منصوبوں کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں آواران کا نہیں پورے بلوچستان کا خادم ہوں، آواران میں تعلیم اور صحت کی سہولیات ہماری ترجیحات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج میں اپنے علاقے میں ہوں جہاں چند سال پہلے حالات بہت خراب تھے، شورش نے ہمیں کئی سال پیچھے دھکیل دیا، پاک فوج کی قربانیوں کی وجہ سے آج آواران امن کا گہوارہ بن چکا ہے۔
عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ہر مشکل وقت میں چاہے سیلاب ہو، زلزلہ ہو یا امن و امان کا مسئلہ، پاک فوج نے بھرپور ساتھ دیا، قومیں وہی ترقی کرتی ہیں جو اپنے اداروں کا احترام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی کے انفرادی عمل پر پورے ادارے کو تنقید کا نشانہ بنانا مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج نے ملک کی سلامتی اور تحفظ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج اسمبلی میں کوئی اپوزیشن نہیں ہے، سیلاب کی اس صورتحال میں سب مل کر کام کر رہے ہیں کیونکہ سیلاب حکام کے لیے کڑا امتحان ہے اور اس نے صوبے بھر میں بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔
عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرین کی بحالی تک آرام نہیں کرے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ میں جاؤں یا نہ جاؤں اصل مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں
دوسری جانب بلوچستان کے متاثرہ علاقوں میں سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام شروع نہیں ہوسکا۔
تفصیلات کے مطابق قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، زیارت، دکی، مسلم باغ، کنوزئی، پشین، ٹوبہ اچکزئی، ٹوبہ ککری میں سینکڑوں بے گھر خاندان خیموں سے محروم ہیں۔